اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، ریاست اوہایو کے دارالحکومت "کولمبس" کے شیعہ باشندوں نے ایک عمارت خرید لی ہے جہاں وہ اہل بیت (ع) شیعہ مرکز قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ یہ مرکز اثناعشری شیعہ باشندوں کے لئے ہوگا تا ہم اس کے دروازے تمام اسلامی مذاہب کے پیروکاروں سمیت غیر مسلموں کے لئے بھی کھلے رہیں گے۔ کولمبس کی اہل بیت (ع) سوسائٹی نے اسی سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے؛ جس کا متن کچھ یوں ہے:کولمبس اہل بیت (ع) سوسائٹی مسرت کے ساتھ اعلان کرتی ہے کہ اس نے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے جمعرات 13 جنوری 2011 بمطابق 8 صفر المظفر سنہ 1432 ہجری، اہل بیت (ع) اسلامی مرکز کے نام سے ڈبلن گرینویل (Dublin Granville) روڈ پر ایک عمارت حاصل کی ہے اور اللہ تعالی کی مدد و نصرت اور "آپ " جیسے مخیر حضرات کی سخاوتمندانہ امداد سے ہم نے یہ اسلامی مرکز حکومتی اداروں سے قرض لئے بغیر ہی خرید لیا ہے۔ اہل بیت (ع) اسلامی سوسائٹی تمام مخیر حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے اور آنے والے دنوں میں باقاعدہ بیان کے ذریعے اس عمارت کے افتتاح کا اعلان کیا جائے گا۔......../110


